سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ
لاہور ( این این آئی)وزیراعلی مریم نوازشریف کے ذہنی امراض کے جدید علاج کی فراہمی اور دماغی امراض کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ انہوں نے زنانہ و مردانہ وارڈز، دستیاب طبی سہولیات اور انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا ۔سینئر صوبائی وزیر نے علاج گاہ میں ادویات کی فرہمی ، ڈاکٹرزو کی دستیابی اور طریقہ علاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیرعلاج مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مینٹل ہیلتھ کے حوالے سے ڈیجیٹل میپنگ کی جائے گی اور ذہنی امراض کے علاج کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر مینٹل ہیلتھ کے شعبے میں جدید طریقہ علاج اور ٹیکنالوجی متعارف کروائی جارہی ہے، پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق امراض بڑھ رہے ہیںاوربچوں کیلئے ماہرین نفسیات کی بھی کمی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے ذہنی امراض کے شعبے میں مربوط اصلاحات، جدید مشینری اور علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے تا کہ لوگوں کو نفسیاتی مسائل سے نجات ملے اور وہ صحت مندو خوشگوار زندگی بسر کریں۔