پنجاب :پولٹری ٹریڈرز کی ہڑتال ‘ شہری خوارٗشام میںمذاکرات کامیاب
لاہور‘ ساہیوال‘ سرگودھا‘ سمبڑیال (کامرس رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) پولٹری ٹریڈرز نے پنجاب حکومت کی جانب سے برائلر مرغی کی قیمت کا تنازعہ حل نہ کرنے کیخلاف گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کی۔برائلرمرغی کی سپلائی نہ ہونے سے ٹولیٹن مارکیٹ اور برائلر منڈی بادامی باغ سمیت شہر بھر میں چکن مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں جس سے ہوٹلز باربی کیواور پروسیسنگ فوڈپوائنٹس سے وابستہ افراد مشکلات کا شکار رہے۔ سرکاری نرخ کے مطابق شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت697روپے، زندہ مرغی کی قیمت481روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت254روپے فی درجن مستحکم رہی۔تاہم ذخیرہ شدہ مرغی کا گوشت دکانوں پر 850 سے 900 روپے فی کلو تک بکتا رہا۔ تاہم پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ کیساتھ مذاکرات میں ریٹ لسٹ میں قیمتیں فارمز سے سپلائی کے مطابق کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولٹری ٹریڈرز کے مسائل حل کرینگے اور برائلر فروش دکانداروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ لاہورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے چیئرمین ایسوسی ایشن مظہر علی نے کہاکہ گزشتہ کئی روز سے جو کنٹرول ریٹ کی لسٹ آتی ہے اسکے مطابق ہمیں سپلائی نہیں دی جاتی ، ہمیں مال مہنگا دیا جارہا ہے۔ فارمرز رات کو گاڑیاں منگوالیتے ہیں اور ہمیں مقرر ہ ریٹ سے10 روپے مہنگا دیا جاتا ہے،عام دکاندار جرمانے اور مقدمات ہتھکڑیوں تک برداشت کرتا ہے اور بات اب 40 روپے اضافی قیمت تک پہنچ چکی ہے۔ چیئرمین نے کہافارمرز، سپلائیرز اور بروکرز تینوں ملے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازعام آدمی کی ضرورت برائلر گوشت کی ارازں نرخوں پر دستیابی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں۔علاوہ ازیں پولٹری ٹریڈرز اینڈ ریٹیلرز ضلع ساہیوا ل نے مشترکہ طورپر حکومتی ریٹ کے خلاف بائیکاٹ کرتے ہوئے شاداب ٹائون میں ہڑتالی کیمپ لگایا۔ شہر اورگردونواح میں چکن فروشوں کی دکانیں بند رہیں اور ڈیلرز نے سپلائی نہیںدی۔ مذکورہ تنظیم کے صدر ملک ندیم کا کہنا تھا ہم فارم ریٹ پر برائلر خریدتے ہیں جبکہ حکومت 50روپے کم ریٹ لسٹ جاری کرتی ہے جو ظلم ہے۔ مزید برآں سرگودھا میں پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر محمد ندیم عطاری‘ پولٹری سپلائی ایسوسی ایشن کے صدر عابد حسین ہنجراء نے ہڑتال کے موقع پر شرکاء ریلی سے خطاب کرتے کہا کہ پولٹری سپلائرز کے خلاف ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے اس کاروبار سے منسلک لاکھوں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیںہمارے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ دوسری جانب تحصیل سمبڑیال گرد ونواح بیگووالہ، بھوپالوالہ،کلووال، ساہووالہ، جیٹھی کے سمیت دیگر مضافات میں بھی پولٹری شاپسبند رہنے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔