رجیم چینج میں سعودی عرب ملوث، پی ٹی آئی کا شیر افضل کے بیان سے اظہار لاتعلقی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے خیالات حقائق کے منافی ہیں اور پی ٹی آئی اس بیان سے مکمل اظہار لاتعلقی کرتی ہے۔ ترجمان کے مطابق تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سعودی عرب کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے باہمی احترام کا تعلق ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا مؤقف ان کی ذاتی رائے ہے جسے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی تائید حاصل نہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل موقع پر پاکستان کو ناکام ہونے سے بچایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کی سعودی عرب کے بارے میں وہ رائے نہیں جس کا اظہار شیر افضل مروت نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ سامنے نہیں ہے سعودی عرب کی مداخلت کی بات پر یقین کیا جائے۔ترجمان برائے قانونی امور، حکومت پاکستان بیرسٹر عقیل ملک نیواضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا۔شیر افضل مروت کا بیان پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ اندازی ڈالنے کی مذموم اور گھنائونی سازش ہے۔ ملک کے نقصان کی مذموم کوشش کر کے پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے ایک ایسے وقت میں الزام عائد کیا جب سعودی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دورہ پر تھا۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔