لاہور کی تعمیر و بحالی کا کام 3 ماہ میں مکمل کیا جائے، تمام گلی محلے صاف دیکھنا چاہتی ہوں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیز رفتاری سے کام کررہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں۔ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 100 فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی، 5 ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلباء کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا۔ مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ تین ماہ میں لاہور کی گلیاں بازاروں کی تعمیر و بحالی، سٹریٹ لائٹس فراہمی و نکاسی آب پراجیکٹ مکمل کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور کی گلیوں اور روڈز کی تعمیر وترقی، سینی ٹیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جیو گرافکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ نیسپاک اور ماحولیات کے ماہرین بھی لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں معاونت کریں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ، پارکوں کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبے بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ عرصہ دراز سے نظر انداز سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ تمام گلی محلے صاف دیکھنا چاہتی ہوں، سیورج بھی ٹھیک کئے جائیں۔ قبل ازیں مریم نواز نے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ روڈز اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے، روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم دیا اور گوجرانوالہ لاہور ایکسپریس وے کے اطراف میں ایک لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت بنیادی صحت یونٹس، دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایل فور کی جلد از جلد تعمیر کے لئے وفاقی حکومت سے رابطے تیز کرنے پر اتفاقِ کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی 590روڈز کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے اور چار سڑکیں مکمل جبکہ پانچ روڈز زیر تکمیل ہیں۔ مراکز صحت کی تعمیر ومرمت بھی شروع کر دی گئیں ہیں جن میں پھول نگر، مانگا، شامکے بھٹیاں اور فیروز والا کے مراکز صحت کی تعمیر و بحالی مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں دیپالپور تا لیہ میگا روڈ اور دیگر روڈز کی تعمیر کے لئے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے اوکاڑہ میں ڈکیتی کے دوران خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملزم کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا اور کہا کہ شرمناک واقعہ میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔