فیسکو 28 اور لیسکو ریجن سے مزید 8 بجلی چور گرفتار
گوجرانوالہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + این این آئی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی ہدایات پر فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کیخلاف کارروائیوں کے دوران مزید28بجلی چور پکڑے گئے جن کو39ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور16لاکھ33ہزار سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔فیسکو ریجن سے221روزکے دوران کل7364بجلی چور پکڑے گئے ہیں جن کو مجموعی طورپرایک کروڑ72لاکھ سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور77کروڑ9لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 271 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 121کے خلاف مقدمات کا اندراج جبکہ 8کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 10 کمرشل، 3زرعی اور 258 ڈومیسٹک تھے جنہیںمنقطع کرکے ان کو1 لاکھ 62ہزار849یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 42لاکھ 86 ہزار479روپے بنتی ہے۔ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی بڑی کارروائیاں' گیپکو اہلکارکی نجی ورکشاپ پرچھاپے کے دوران درجنوں ٹرانسفارمرز، دیگر سامان برآمد، بجلی چوری اور کرپشن میں ملوث 3 ملزم بھی قابو کر لیے گئے۔ سرویلنس ٹیموں نے خضر، امجد علی اور بہادر علی کو مختلف خلاف ورزیوں کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔'دریں اثناء گوجرانوالہ میں گیپکو اہلکار بہادر علی کی ٹرانسفارمرز ورکشاپ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران وہاں سے 44 ٹرانسفارمرز '18ٹرانسفارمرز کے خول اور دیگر سامان برآمد ہوا جو قبضہ میں لے لیا گیا۔ مذکورہ ورکشاپ میں گیپکو ٹرانسفارمرز کی مرمت کی جاتی تھی جبکہ دوران مرمت قیمتی کاپر کوائل کو سستے کوائل سے تبدیل کیا جا رہا تھا۔ ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔