پاکستان‘ آذربائیجان پارلیمان تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آ باد (آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام آذربائیجان کی عوام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں،پاکستان نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ہمیشہ آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے،دونوں ممالک کے پارلیمان ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاروف نے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان کو ایک مخلص دوست اور برادر ملک تصور کرتا ہے، آذربائیجان کو پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر فخر ہے، مسئلہ ناگورنو کارہ باخ پر پاکستان کی حمایت کے شکر گزار ہیں، آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔بدھ کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آذربائیجان کے سفیر نے آذربائیجان کی اسپیکر کی جانب سے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام پہنچایا اور آذربائیجان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کی عوام آذربائیجان کی عوام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں،پاکستان نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ہمیشہ آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے ذریعے دونوں ممالک کے پارلیمان ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، اسپیکر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی پارلیمانی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاروف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے آذربائیجان سے متعلق تاثرات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان کو ایک مخلص دوست اور برادر ملک تصور کرتا ہے، آذربائیجان کو پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر فخر ہے، مسئلہ ناگورنو کارہ باخ پر پاکستان کی حمایت کے شکر گزار ہیں، سفیر آذربائیجان نے کہا پاکستان نے ہمیشہ اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے، آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔