• news

سرکاری اراضی پر  تعمیر سے روکنے پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر خواتین سمیت مردوں کا حملہ  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کے سکیورٹی سپروائزر رانا ارسلان اور خواتین سمیت ایک درجن سے زائد افراد نے سرکاری اراضی پر ناجائزقبضہ اور ناجائز تعمیرکرنے سے روکنے پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر ہلہ بول دیا۔ ٹیم کو گالی گلوچ کیا، سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں دیں پولیس رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف کا سکیورٹی گارڈ رانا ارسلان، فیاض سیال، ڈاکٹر منور اور غلام حسین وغیرہ مدینہ ٹاؤن ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ (حکومت پاکستان) کی ملکیتی اراضی پر ناجائز قبضہ و ناجائز تعمیر کر رہے تھے جن کوآفیسر انچارج اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ملک زاہد امجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ کر غیر قانونی تعمیر کرنے سے منع کیا تو رانا ارسلان وغیرہ ایک درجن سے زائد مسلح مرد و زن نے ٹیم پر حملہ کر دیا اور انہیں گالیاں دینا شروع کر دیں۔ پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ املاک ننکانہ صاحب فضل الرحمٰن بٹ کی مدعیت میں رانا ارسلان، فیاض سیال، ڈاکٹر منور اور غلام حسین سمیت6/7 نامعلوم افراد اور3/4 خواتین کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کرنے، ناجائز قبضہ و نا جائز تعمیر کرنے ، سنگین نتائج اور قتل کرنے کی دھمکیاں دینے سمیت دیگر جرائم میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن