پی پی 32:پولنگ ایجنٹس ہراساں،آر اوز تبدیلی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو فیصلے کا حکم
لاہور، اسلام آباد(خبرنگار+وقائع نگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے حلقہ پی پی 32 میں ضمنی الیکشن میں ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کوہراساں کرنے کے خلاف چوہدری پرویز الٰہی کے درخواست پر الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی ، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس درخواست گزار کے سپورٹرز اور فیملی ممبران کوہراساں کررہی ہے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت بھی وکلاء کو ہراساں کیا گیا،صوبائی وزیر شافع حسین حلقے میں مخالف امیدوار کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ،عدالت پرویز الہی کے ووٹرز کو پولیس سمیت دیگر کو حراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے ،عدالت پولنگ ایجنٹس کو بھی ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔علاوہ ازیںلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے پی پی 36 وزیر آباد کے آر او کا آفس تبدیل کرنے کیخلاف فیاض چٹھہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو 24 گھنٹے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی پی 36 کے آر او کا آفس وزیر آباد کے بجائے گوجرانولہ بنایا گیا ہے ،حلقہ کے 185 پولنگ افسران نتائج حلقہ سے 50 کلومیٹر دور لے کر جائیں گے ،ضلع وزیر آباد سے آر او آفس بدنیتی کی بناء پر تبدیل کیا گیا ہے ،عدالت ریٹرننگ افس وزیر آباد میں بنانے کا حکم دے۔علاوہ ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی پمز ہسپتال سے جیل منتقلی کیخلاف دائر درخواست میں پرویز الٰہی کو ہسپتال یا اڈیالہ جیل سے کہیں بھی دوسری جگہ بغیر اجازت منتقل کرنے سے روکتے ہوئے پرویز الٰہی کا باقاعدہ علاج جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔گذشتہ روز قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کے دوران وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے 19 اپریل تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور یہ حکم بھی دیاکہ ای ڈی پمز بھی آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کیلئے افسر کو نامزد کریں۔