قصور: لیسکو عملے کی نااہلی نے شہری کی جان لے لی
قصور (نمائندہ نوائے وقت) قصور لیسکو بہادر پورہ سب ڈویژن کے عملے کی نااہلی نے شہری کی جان لے لی۔ ایس ڈی او نے غریب محنت کش کو بغیر حفاظتی سامان، بغیر پرمٹ ایل ڈی ٹرانسمیشن پر چڑھا دیا اور عملہ پاس کھڑا دیکھتا رہا۔ کرنٹ لگنے سے 45 سالہ شہری لیاقت کے بازو تارو ں میں ہی لٹکے رہے اور باقی حصہ زمین پر گر گیا۔ متوفی بستی خوشی والا کا رہائشی اور چار بچوں کا باپ تھا۔ متوفی کے گھر میں خبر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، اہل علاقہ کے مطابق اس نوعیت کا یہ دوسرا واقع ہے۔ اہل علاقہ کا مجرمانہ غفلت برتنے پر ایس ڈی او سمیت ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ واپڈا اہلکاروں نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔