ننکانہ: بیساکھی میلے کی 3 روزہ تقریبات اختتام پذیر، 25 سو سکھ یاتری کرتار پور پہنچ گئے
لاہور، شکر گڑھ، ننکانہ صاحب ( خصوصی نامہ نگار +نامہ نگاران) ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلے کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیرہوگئیں۔ تین روزہ تقریبات کے دوران بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات جن میںمتھا ٹیکی، اکھنڈ پاٹھ، شبد کیرتن، اشنان، ارداس او ر گوردواروں کی یاترا شامل ہیں ادا کیں۔ سکھ یاتریوں نے گوردواروں کی بہترین دیکھ بھال کرنے، قیام و طعام، فری طبی سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے انڈیا سے براستہ واہگہ بارڈر پاکستان آنے والے 25 سو سکھ یاتری کرتار پور پہنچ گئے۔ پی ایم یو افسران نے کرتار پور میں انتظامیہ کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ یاتریوں کے جتھے گزشتہ روزبذریعہ ٹرین نارووال پہنچے جہاں سے انہیں سخت سکیورٹی میں کرتار پور پہنچایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ یاتریوں کا کرتار پور درشن ڈیوڑھی میں استقبال کیا یاتریوں کو پھول اور تحائف پیش کئے گئے یاتریوں نے مذہبی رسومات ادا کیں اور لنگر خانے میں کرتار پور کے کھیتوں سے آئی سبزیوں اور دیگر لوازمات سے تیار لنگر کھایا اس سے قبل یاتری لاہور ڈے بذریعہ ٹرین نارووال پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جہاں سکھ یاتری مذہبی رسومات میں شرکت کرنے کے بعد کل کے روز بذریعہ ٹرین لاہور روانہ ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتطامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام بیساکھی فیسٹیول پر سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ’’صوفی نائٹ‘‘ کا اہتمام کیا گیا صوفی نائٹ میں بھارت سمیت دیگر ممالک کے سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بیساکھی میلے کے دوران ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کو فراہم کی جانے والی بہترین سہولیات کا جائزہ لینے اور ان سکھ مہمانوں کے اعزاز میں منعقد ہونے والے صوفی میوزک پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے آرپی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، کے ہمراہ ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور صوفی کلام و میوزک پروگرام میں شرکت کی۔