بھارت: نئی دہلی کے معروف ریسٹورنٹ نے باحجاب خواتین کو داخلے سے روک دیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی دارالحکومت کے ایک معروف ریسٹورینٹ میں باحجاب خواتین کو داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ دہلی کے جنوبی علاقے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے قریب نیو فرینڈز کالونی کے ماربیہ کیفے میں لنچ ٹائم کے دوران پیش آیا۔ مسلم خواتین نے بتایا کہ ہم چار کولیگز ہمیشہ برقع پہن کر دفتر آتی ہیں اور لنچ کرنے ریسٹورینٹ کی ایک ٹیبل بْک کرانی چاہی تو ہمیں جواب دیا گیا کہ ریسٹورینٹ میں برقع اتار کر آنا ہوگا۔ جب برقع اور حجاب اتارنے سے انکار کیا تو ہمیں عملے نے باہر نکال دیا۔ متاثرہ خواتین نے ریسٹورینٹ کی پالیسی کو مذہبی آزادی اور بنیادی حق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملے کی بدتمیزی سے ثابت ہوگیا کہ مودی سرکار میں کوئی اقلیت کسی کے ہاتھوں بھی محفوظ نہیں۔