عدالت تک رسائی بنیادی حق، کوئی ادارہ کیسے سلب کر سکتا ہے: ہائیکورٹ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے شیخ زائد ہسپتال کی فارمیسی کی نیلامی کاعمل روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت، سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب اور چئیرمین ہسپتال سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شیخ زائد ہسپتال انتظامیہ نے پیپرا رولز کے برعکس فارمیسی کی نیلامی کی شرائط عائد کیں، من پسند کمپنی کو ٹھیکے سے نوازنے کیلئے کسی بھی عدالت سے رجوع نہ کرنے کی شق رکھی گئی۔ عدالت نے ماورائے آئین شرائط عائد کرنے پر سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان شرائط کے تحت تو ملکی عدالتیں بند کردینی چاہئیں، کوئی ادارہ آئین کے تحت دئیے گئے بنیادی حق کو کیسے سلب کرسکتا ہے؟۔ عدالت تک رسائی کسی بھی فریق کا بنیادی حق ہے، کوئی ادارہ اس حق کو کیسے سلب کرسکتا ہے؟۔ آگاہ کیا جائے ملکی آئین اور قانون کے برعکس شیخ زید ہسپتال نے نیلامی کی شرائط کیسے لاگو کی جاسکتی ہیں؟۔