ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم، زائد المعیاد شناختی کارڈ پر موبائل سم بند کرنے کا حکم
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر موثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ موبائل سمز کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ماڈل نادرا دفاتر قائم کئے جائیں، عوام کی سہولت کے لئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کی جارہی ہے وہ جمعرات کو نادرا ہیڈ کوارٹر کے تفصیلی دورہ کے موقع اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر آمد پر چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کی پوری عمارت کا دورہ کیا اور پرنٹنگ سمیت تمام شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو تیز رفتار سروس فراہم کرنے کیلئے نادرا کے ماڈل آفس بنائے جائیں، سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے مسائل حل کرنے کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ ملکر سہل نظام متعارف کرایا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایاجائے، عوام کی سہولت کیلئے موبائل پلیٹ فارمز پر مزید سہولیات فراہم کی جائیں، ترویج کیلئے سوشل میڈیا موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موجودہ چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بہترین کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ سول رجسٹریشن میں بہترین خدمات انجام دینے پر ادارے کی خدمات کی تعریف کی گئی۔ نادرا ٹیکنالوجی و انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور رجسٹریشن مراکز کے آن لائن پلیٹ فارمز کو بھی بہتر بنائے جائے گا ۔ نادرا رجسٹریشن سنٹرز پر سیلف سروس کیوسک قائم کرنے اور موبائل رجسٹریشن فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ہفتہ وار تعطیل کے دنوں میں بھی سروس فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔