• news

9 مئی کے ذمہ دار ملکی مفاد پر حملہ آور، سرمایہ کاری ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں۔ ملکی مفاد کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے۔ اپنے سیاسی مفاد اور انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔  اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے ملکی مفاد کے خلاف بیان دیا پھر اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، ان کا لیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ایسے عناصر کے لئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش یہ ملک کے مفاد میں بھی بات کر سکیں۔  سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ ہم پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے۔  دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھائیں گے۔ سیمی کنڈکٹر سمٹ سیخطاب میں  عطاء اللہ تارڑ نے سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے لئے بڑی صلاحیت موجود ہے، ملک کے پاس بھرپور قدرتی وسائل، نوجوان، ہنر مند افرادی قوت اور اہم جغرافیائی محل وقوع ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور انڈسٹری کی ترقی میں مدد کے لئے ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں تعاون سے ملک کو عالمی معیشت سے جوڑا جا سکتا ہے۔  سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی گئی، ہم ملک میں کاروباری آسانیوں اور جدت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان میں بھرپور قدرتی وسائل موجود ہیں، ہم دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہیں اور دنیا کو بتانے کے لئے ہمارے پاس ایک بہترین سٹوری موجود ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن