شیخوپورہ : پولیس گشت نہ ہونے کے باعث ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں پولیس کے گشت کا موثر انتظام نہ ہونے کے باعث عملاً ڈاکو راج نافذہو چکاہے ڈاکو دن دیہاڑے سر شام اور رات کو ناکے لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں تھانہ بھکھی کے علاقہ نواں کوٹ،نواب کوٹ مہموں والی سمیت متعدد دیہی علاقوں میں ڈاکو شاہراہوں پر ناکے لگاکر راہ چلتے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں اور ا ن کو باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے گزشتہ روز بھی مہموں والا کے قریب ڈاکوؤں کے گروہ نے درجنوں افرادکو لوٹ لیا علاقہ کے معززین نے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ بھکھی کے علاقہ میں نشہ،شراب،کوکین،آئس کا نشہ بھی کھلے عام ہو رہا ہے پولیس جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کر رہی ہے لوگوں نے کئی بار تھانہ بھکھی کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی کیے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس،آر پی او شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔