مریدکے:دکاندار سے بھتہ لینے آئے 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
مریدکے(نامہ نگار) دکاندار سے بھتہ لینے کے لیے آئے دو ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی، تیسرا گرفتار ، چوتھا فرار ہوگیا۔ تھانہ سٹی پولیس کے مطابق محلہ غوثیہ کالونی کے رہائشی حافظ سلیمان نے چند روز پہلے مقدمہ درج کرایا جس میں بتایا گیا کہ کچھ لوگ فون پر اس سے بھتہ مانگتے ہیں اور نہ دینے پر جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے ہیں جس پر تفتیش کے لیے انسپکٹر عدنان کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ گزشتہ روز 4 افراد حافظ سلیمان کے سٹور پر آئے اور بھتہ مانگا۔ جس پر دکاندار اور ملزموں کے درمیان فائرنگ ہوگئی۔ جس سے دو ملزم زخمی ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی حافظ نوید اور شمس کو تحصیل ہسپتال پہنچایا۔ نازک حالت کے پیش نظر انہیں میو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مہر ادیبقاسم فرار ہو گئے ۔