صوبائی وزراء کاگورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ ،ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر خوراک بلال یاسین نے حالات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عبدالحق بھٹی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف، پروفیسر معین، ایم ایس ڈاکٹر اختر، ڈاکٹر احمد، معروف کاروباری شخصیت بشیر احمد اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ لیا۔صوبائی وزراء نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے صوبائی وزراء کو بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کے حالات مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ میاں منشی ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں ٹراما سنٹر اور سنٹرل آکسیجن سپلائی کا منصوبہ جلد مکمل کروائیں گے۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ری ویمپنگ منصوبے میں تاخیر کرنیوالی فرمز کو بلیک لسٹ کریں گے۔