پاکستان ‘نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے سکیورٹی انتظامات مکمل
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجا ب پولیس نے راولپنڈی اور لاہور میں پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پر امن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے پہلے سے بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، پولیس فورس کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ،سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے، راولپنڈی اور لاہور میں پانچ میچز پر 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ہوٹل، روٹس اور سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، خواتین شائقین کی سکیورٹی، چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی، ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤ، مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ کریں، سٹیڈیمز کے داخلی خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے۔