پہلا ویمنز ون ڈے: ہیلی میتھیوز کی سنچری، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 113 رنز سے ہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے کپتان ہیلی میتھیوز کی کریئر بیسٹ سنچری اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے میچ میں 113 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ہیلی میتھیوز پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں پر269 رنز بنائے۔پاکستان ویمنز ٹیم جواب میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز ویمنز کی اننگز میں ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں102 رنز کا اضافہ کیا۔ شیمین کیمبل 45 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔ ہیلی میتھیوز نے 150گیندوں پر140 رنز کی ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی ۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور پاکستان کیخلاف دوسری سنچری ہے اس سے قبل انہوں نے 2021 میں انٹیگا میں سنچری سکور کی تھی۔ پاکستان ویمنز کی سعدیہ اقبال‘ طوبی حسن نے دو‘ دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ویمنز کی اننگز میں طوبیٰ حسن 25 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ہیلی میتھیوز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے پرسوںکھیلا جائیگا۔میچ کے اختتام پر قومی ویمنز کپتان نداڈ ار نے کہا کہ ہماری میچ میں بائولنگ اور فلیڈنگ اچھی نہیں رہی۔ آخری دس اوورز میں زیادہ رنز دے ڈالے۔اگر ہم ویسٹ انڈیز کو 220 تک محدود کرتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے ہمیں بہتر منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کو اپنی اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ اگلے میچوں میں ٹیم اچھا کھیل پیش کریگی۔