پتوکی: محنت کش کی خودکشی، ملازم پنجاب اسمبلی کی چھت سے کود گیا
قصور+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بیوی سے لڑائی پر شوہر نے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پتوکی کے ڈھولن چک 7 کے رہائشی ہاشم کا اپنی بیگم کے ساتھ خرچے کی وجہ سے جھگڑا ہوا تو اس نے بیگم کا دوپٹہ کا پھندا بنا کر چھت سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی کے اسسٹنٹ حاجی محمد یوسف نے پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت پر چڑھ کر نیچے چھلانگ لگا دی۔ جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ساتھی ملازمین کے مطابق حاجی محمد یوسف صبح معمول کے مطابق اپنے دفتر میں موجود تھے۔ ٹیلی فون پر کسی سے گفتگو کے بعد خودکشی کی کوشش کی ہے۔