فیروز والا، چیچہ وطنی، بہاولنگر، مظفر آباد میں ٹریفک حادثات، بہن بھائی سمیت 12 جاں بحق
لاہور (نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں بہن بھائی سمیت بارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی کھوڑی کے قریب کیری ڈبہ بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد عدنان اور شکیل موقع پر جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ ایوری کیری ڈبہ پر سوار پانچ افراد لاہور سے گوجرانوالہ کی طرف جا رہے تھے۔ جاں بحق نے والوں کی نعشوں کو پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سادھوکے سے بیان کیا جاتا ہے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث وین بے قابو ہو کر سڑک پر بنے پل کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ 54 سالہ رفیق بٹ ولد شریف بٹ اور ان کی 57 سالہ بہن امتیاز بیگم جانبر نہ ہوسکیں۔ جبکہ جاں بحق افراد کے دو سگے بھائیوں نوید بٹ اور ندیم بٹ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ گاڑی کا ڈرائیور علی خضر اس حادثہ میںمعمولی زخمی ہوا۔ حادثے کا شکار گھرانے کا تعلق بابو صابو سے بتایا جاتا ہے۔ چیچہ وطنی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 115/12-L کا رہائشی چالیس سالہ محمد اشرف اپنے دوست فیصل نعیم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ چیچہ وطنی بورے والا روڈ پر ڈالے کی ٹکر سے دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بہاولنگر سے آئی این پی کے مطابق بہاولنگر چشتیاں روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت حلیمہ بی بی اور محمد شعبان کے نام سے ہوئی۔ مظفر آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے موئیاں کھکھیاں کے مقام پر وین کھائی میں جا گری۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں چار افراد جاں بحق اور دس سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔