• news

صدر سے ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف، ایڈمرل نوید اشرف و دیگر کی ملاقاتیں  

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی۔ چیف آف نیول سٹاف نے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ نیول چیف نے صدر مملکت کو ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ نیول چیف  نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف ترکیہ جنرل سٹاف جنرل میتن گوراک نے ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، پاکستان میں ترکیے کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاجاجے نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان روڈ اور ریلوے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، دوطرفہ روڈ اور ریلوے روابط سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا، زمینی ٹرانسپورٹ کم قیمت ہے، دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید بڑھیں گے، پاکستان ترکیے کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی طورپر مفید تعاون مزید گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔  صدر مملکت نے چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گوراک کو نشان امتیاز ملٹری بھی عطا کیا۔  علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے ملاقات کی۔ بینکنگ محتسب نے صدر مملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ صدر مملکت نے بینکنگ صارفین کو 1.26 ارب روپے کا مالی ریلیف فراہم کرنے پر بینکنگ محتسب کی کارکردگی کو سراہا۔ صدر مملکت  نے کہا کہ سال 2023ء  میں بینکنگ محتسب کا 25ہزار سے زائد شکایات پر کارروائی کرنا خوش آئند ہے۔  صدر مملکت نے بینک فراڈ متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن