بھارتی الیکشن کا پہلا مرحلہ: مقبوضہ کشمیر میں بھی ڈھونگ رچایا گیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ مکمل ہو گئی۔ نتائج کا اعلان 4 جون کو پولنگ کے 7 مرحلے مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 102 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ لوک سبھا کی 543 نشستوں پر 7 مرحلوں میں پولنگ ہوگی۔ لوک سبھا کے الیکشن میں آخری مرحلے کی پولنگ یکم جون کو ہوگی۔ بھارت میں ایک ارب 40 کروڑ کی آبادی میں 96 کروڑ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ دوسرا انتخابی مرحلہ 26 اپریل، تیسرا 7 مئی، چوتھا 13، پانچواں 20، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور ساتواں یکم جون کو ہوگا۔ جمہ کو 21 ریاستوں تامل نادو، اترپردیش، مہاراشٹر کے اہم 102 حلقوں میں ووٹنگ ہوئی۔ ترجمان بھارتی الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ 21 ریاستوں کی 102 نشستوں پر انتخابات میں 60 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔ پہلے مرحلے میں اترپردیش، مغربی بنگال، بہار، مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی۔ اترپردیش میں 37 فیصد افراد نے ووٹ کاسٹ کئے۔ بنگلہ میں سب سے زیادہ 68 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔ راجستھان میں سب سے کم 22 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔ لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 میں کامیابی ضروری ہے۔ بھارت بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔