واپڈا نے منگلا بحالی، اپ گریڈیشن منصوبے کے ایک اور پیکیج کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واپڈانے منگلا بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کے تحت یونٹ نمبر9 اور 10کیلئے 220 کے وی، 168.75ایم وی اے صلاحیت کے دو جنریٹر سٹپ اپ ٹرانسفارمرز کے ڈیزائن اور فراہمی کیلئے کنٹریک ایوارڈ کر دیا۔ کنٹریکٹ کی مالیت 62لاکھ 87 ہزار 292امریکی ڈالر ہے۔ کنٹریکٹ کا دورانیہ 400 دِنوں پر مشتمل ہے۔ معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ واپڈا کے جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ احسان اللہ اور چینی کمپنی سی ایچ آئی این ٹی کے نمائندے ڑائفرڑاؤ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ واپڈا، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی ون، 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔ منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے‘ جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اْن کی اپ گریڈیشن کی جاتی ہے۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن 2022ء میں مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تمام 10پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2027-28ء تک مکمل ہوجائے گی۔