• news

ہیڈ مرالہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے


 موجودہ حکومت دور دراز کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے تحت دیہی اور پسماندہ علاقوں کو وہی سہولیات میسر ہوں گی جن سے شہری علاقوں میں رہنے والے مستفید ہو رہے ہیں- ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن حلقہ 44 سیالکوٹ کے ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناہ نے دبئی میں اپنے حلقہ کے لوگوں سے ایک ملاقات میں کیا- ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد عارف اقبال کی دبئی آمد پر ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا اہتمام مسلم لیگ ن دبئی کے نائب صدرغلام محی الدین نے کیا تھا- تقریب میں پی ایم ایل این کے صدر عامر سہیل گھمن، میڈیا کوارڈینیٹر محمد شہزاد بٹ، منارٹی ونگ کے صدر جان قادر، مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر، شوکت محمود بٹ، ملک  نبیل، ملک محمد جاوید، مہر عباس، وقاص گھمن، چودھری طارق محمود گھمن اور صحافی محمد شہباز باجوہ نے شرکت کی- اس موقع پر حلقہ 44 کے منتخب ممبر اسمبلی رانا محمد عارف اقبال آف ہرناہ نے ہیڈ مرالہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کو درپیش مسائل کے بارے کہا کہ وہ  اپنے علاقہ کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- ایم پی اے نے کہا کہ ہیڈ مرالہ سیالکوٹ روڈ بن چکی ہے جبکہ ہیڈ مرالہ تا کلووال روڈ کی تعمیر کا کا م بڑی سرعت کے ساتھ جاری ہے- تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا ذکر کرتے ھوئے انہوں نے کہا کہ مرالہ کے گرلز ڈگری کالج کو پوسٹ گریجویٹ تک لیجانے کے لئے کام جاری ہے جبکہ مرالہ ایریا میں واقع تمام پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے- رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ پنجاب بھر میں پچاس سے ساٹھ ہزار اساتذہ کی کمی ہے جسے پنجاب حکومت نے جلد از جلد پورا کرنے کا پلان بنا رکھا ہے- ہیڈ مرالہ کے گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور ڈگری کالج میں ہیڈ مسٹریس اور پرنسپل کی کمی پوری کرنے کے لئے بھی محکمانہ کا ر روائی جاری ہے- امید ہے کہ متذکرہ دونوں تعلیمی اداروں میں سربراہان ادارہ کی تعیناتی جلد ہو جائے گی- رانا طارق شہید پارک کی خستہ حالی اور اس کی بحالی کا ذکر کرتے ھوئے رانا محمد عارف اقبال نے کہا کہ پارک کی حالت درست کرنے کے لئے مزید 12 کروڑ کی منظوری ہوئی ہے لہذا مستقبل قریب میں متذکرہ پارک سیر و سیاحت کے قابل ہو جائے گا- علاقہ میں صحت عامہ کی سہولیات کے سسلہ میں انہوں نے بتایا کہ مرالہ میں دونوں نہروں کے درمیان تھانہ کے سامنے BHU ہسپتال تعمیر کیا جائے گا ، جس سے ہیڈ مرالہ اور قرب و جوار کے دیہات کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ جائیں گی- مرالہ کالونی، سکول، پوسٹ آفس اور ڈسپنسری کو جانے والے راستوں کے بارے رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ان کی ملاقاتیں متعلقہ حکّام سے جاری ہیں جس کے تحت بوائز اسکول کو بھی نند پور کی طرف سے راستہ فراہم کر دیا جائے گا- دیگر مسائل تجاوزات، گاڑیوں کی پارکنگ، سیم نالوں کی صفائی، ڈھلے والی میں صاف پانی اور سیوریج کے بہتر نظام کے بارے نشان دہی پر ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناہ نے علاقائی لوگوں کے ساتھ مل کر انہیں حل کرنے کا وعدہ کیا-بیرون ملک اپنے علاقہ کے لوگوں سے مل کر مسائل کا جائزہ لینے اوربہ نفس نفیس  بات چیت کرنے پر رانا محمد عارف اقبال نے اسے ایک اچھا عمل قرار دیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی بیرون ملک دوروں کے دوران اپنے حلقہ کے لوگوں کو ملیں گے تا کہ وہ ان کو درپیش مسائل سے آگاہ رہ سکیں- بات چیت کے آخر میں رانا محمد عارف اقبال نے بتایا کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف اگلے چند ماہ میں میرے حلقہ 44 کے مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے دورہ کریں گی جس میں ہیڈ مرالہ کا دورہ بھی شامل ہے-

ای پیپر-دی نیشن