• news

اسرائیل کا بغداد میں ایرانی حمایتی یافتہ گروپ پر بمباری کا دعویٰ

بغداد + اصفہان+ واشنگٹن (آئی این پی+ این این آئی+  نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی جنگی طیارے عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔  ترک نیوز ایجنسی کے مطابق عراق میں ایرانی پراکسی کے مرکز پر اسرائیل بمباری کے شواہد آ گئے۔ حملے میں 3 افراد کی شہادت کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ بغداد میں عسکری تنظیم حشد الشعب کے مرکز اور اس سے منسلک اڈے پر حملہ کیا گیا۔ دوسری طرف وسطی ایران کے شہر اصفہان کی سیٹلائٹ تصاویر سے نقصان واضح نہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اصفہان ایئربیس پر کوئی وسیع نقصان نہیں دیکھا گیا۔ زمین میں بڑا گڑھا پڑا نہ ہی کوئی عمارت تباہ دکھائی دی۔ امریکی میڈیا کے مطابق تباہی کے نشانات نہیں، جلنے کے نشانات کی تحقیقات جاری ہے۔ مبینہ حملے سے صرف دفتر کی کئی عمارتوں کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔  ایران کے صوبے اصفہان میں گزشتہ رات اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کے خلاف تہران میں سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ تہران کے مختلف حصوں میں اسرائیل مخالف ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ وائٹ ہائوس نے ایران پر اسرائیل کے حملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے متعلق فی الحال بیان نہیں دے سکتے۔ پریس سیکرٹری نے کہا کہ امریکا اس تنازع کو بڑھتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا، کشیدگی میں کمی کیلئے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی خبروں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کسی بھی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔  علاوہ ازیں امریکی ایوان نمائندگان نے  اسرائیل کیلئے 26 ارب ڈالر امداد کا بل منظور کر لیا، اس میں 14 ارب ڈالر فوجی امداد بھی شامل ہے، بل سینیٹ میں جائیگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن