• news

اہم تعیناتیوں میں 65 سال عمر کی حد ختم، 20 لاکھ تنخواہ پر بھرتیوں کی راہ ہموار

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمر کی حد ختم کر دی جس کے باعث ماہانہ 20 لاکھ روپے تک کی تنخواہ پر نئی تعیناتیوں کی راہ ہموار ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے تعیناتیوں میں پی ٹی آئی دور حکومت کی پالیسی میں ترامیم کرتے ہوئے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمرکی حد ختم کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترامیم کے لیے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی۔ کابینہ نے سپیشل پروفیشنل پے سکیلز پالیسی 2019ء میں ترامیم کی منظوری دی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتیوں کے لیے 65 سال تک عمرکی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ سپیشل پروفیشنل پے سکیلز کے تحت تعیناتیوں کے لیے عمرکی بالائی حد نہیں ہو گی۔ اب 65 سال کے بعد تعیناتی اور موجودہ تعیناتی میں 65 سال کے بعد توسیع ہو سکے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے عمر کی حد میں ترامیم تجویز کی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن