• news

2024ء میں 2018ء سے بڑی دھاندلی ہوئی، جعلی حکومت چلنے نہیں دینگے: فضل الرحمٰن

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 2024ء میں 2018ء سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے ہم جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلوچستان سے تحریک شروع ہوئی ہے جو پورے ملک تک پھیلے گی اور اس جعلی حکومت کو اقتدار میں رہنے نہیں دیں گے۔ پشین میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ عوامی اسمبلی ہے اس کی صدارت پر بیٹھے ہوئے شخص کو جناب سپیکر سے پکارا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے عرصے سے پشین نہیں آیا یہاں تک کہ انتخابات میں بھی یہاں حاضر نہیں ہوا لیکن میری عدم حاضری کے باوجود پشین کے عوام نے مجھ پر اعتماد کیا، جس کا شکر گزار ہوں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، جس کے خلاف عوام کی طاقت سے تحریک چلائی اور کامیابیاں حاصل کیں، 2024ء کے انتخابات میں اس سے بھی زیادہ شرم ناک دھاندلی ہوئی ہے اور جعلی نمائندے اقتدار میں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے کل بھی غلط کو غلط کہا تھا آج بھی کہتے ہیں، ہمارے کارکن غلط کو غلط کہتے کبھی نہیں تھکیں گے۔ سابق حکومت اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین سے یہ تحریک اٹھی ہے اور یہ پورے ملک تک جائے گی۔ اس جعلی حکومت کو اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران بتائیں بلوچستان اسمبلی کتنے میں خریدی ہے، بتایا جائے کہ اسمبلی 70 ارب میں یا 80 ارب میں خریدی ہے، یہ بھی بتایا جائے کہ سندھ اور خیبرپی کے (کے پی) کی اسمبلی کتنے میں خریدی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس ملک کو بنانے میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے، عوام اور مدارس نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سنجیدہ سیاست کی ہے لیکن اگر تم آئین اور جمہوریت کو بوٹوں تلے روندوگے تو ہم پہاڑ کی طرح سامنے کھڑے ہوں گے۔ میرے آبائواجداد نے جرات اور بہادری کا درس دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بزدلی کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں، سیاست دانوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ یہ ہماری اندرونی لڑائی نہیں، اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سیاست دانوں کو آپس میں لڑایا لہٰذا سیاست دان کرسی کے لیے لڑائی چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہیں، جے یو آئی کوشکست دینے کے لیے سیاست دانوں سے پیسہ لیاگیا، کٹھ پتلی حکمرانوں کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں، تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا، یہ تحریک آگے بڑھے گی۔ ضمنی انتخابات میں بھی دھاندلی کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج بتا رہا ہوں کہ قلعہ عبد اللہ کے ضمنی الیکشن میں بھی دھاندلی ہوگی، ہم ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 30 سال تک افغانوں کا قتل عام کیا جاتا رہا، پاکستان میں جمہوریت کا قتل کرنے والا بھی یہی امریکہ ہے، عراق میں جو مسلمان قتل ہو رہے ہیں امریکا نے ان کے بارے میں بات نہیں کی، ان کو شرم نہیں آئی۔

ای پیپر-دی نیشن