• news

21 قومی، صوبائی حلقوں کے ضمنی الیکشن آج، 13 شہروں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بند 

اسلام آباد +لاہور( نمائندگان خصوصی+نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات(آج) اتوار کو ہوں گے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی، ضمنی الیکشن کے دوران پنجاب کے 13شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی آج  اتوار 21اپریل کو ہوگی جبکہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119لاہور، این اے 132قصور اور این اے196قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔ پنجاب سے 12صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174امیدوار میدان میں ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40لاکھ 44 ہزار 552 ہے اور پنجاب میں 2 ہزار 601پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز ہیں اور یہاں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کیلئے 892 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 139 حساس ہیں۔ سندھ میں این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، 4 لاکھ 23 ہزار 781ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ صوبے میں 3لاکھ 96ہزار 246 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 54 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ضمنی الیکشن کے دوران پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ مراسلے کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات، علی پور، ظفروال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پورچٹھہ، کوٹ چٹھہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہیں گی۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی،سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے پیر تک 21 حلقوں میں دستیاب ہوں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔پاکستان آرمی کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال ہوں گے، سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے دوسرے اور تیسرے حصار کے طور پر استعمال ہوں گے۔  ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا۔ ترجمان  الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹر میں عوام کو الیکشن سے متعلق رابطہ اور شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی، شکایت کے بروقت ازالے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں شکایات کے اندراج کے لیے ای میل complaints@ecp.gov.pk پر رابطہ کر سکتے ہیں، مخصوص ہیلپ لائن 051111327000پر بھی شکایت اندراج کیا جا سکتا ہے۔ لاہور میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ سامان کی ترسیل کے لیے گاڑیاں کم پڑ گئیں۔ قصورکے حلقہ این اے 132میں پولنگ عملے کو سامان کی ترسیل جاری،پانچ لاکھ اکیس ہزار نو سو پچپن ووٹرز کے لیے 1005پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے،ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر۔قصور کے حلقہ این اے 132میں ضمنی الیکشن کے لیے تما م تر تیاریاں کرلی گئیں۔وزیرآبادحلقہ پی پی36میں انتخابات کی تیاری مکمل کر لی گئی ۔ضلع کونسل ہال گوجرانوالہ سے ریٹرننگ آفیسر شبیر حسین بٹ کی نگرانی میں پریذائڈئنگ افسران کو انتخابی سامان کی تقسیم اور ترسیل پولیس فورس کے ہمراہ کر دی گئی پولنگ کے سامان میں بیلٹ پیپرز،بیلٹ بکس ،اسٹیشنری شامل ہے ۔حلقہ پی پی36میں 185پولنگ اسٹیشن قائم کردیئے گئے۔ 2ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائینگے آرمی اور رینجرز کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود ہونگے۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ کے مختلف ریجنز اور اضلاع میں سکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی،  سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اضلاع میں خصوصی ناکوں کے علاوہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے انتظامات مکمل ہیں، پولیس انتہائی الرٹ ہے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ضمنی الیکشن ڈے پر دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کو یقینی بنائے گی، لا اینڈ آرڈر متاثر کرنے والے امن دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139میں نواز لیگ کے رانا افضال حسین اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار چوہدری اعجاز حسین بھٹی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ ٹی ایل پی نے رفاقت علی کو میدان میں اتارا ہے،یہ نشست وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے عام انتخابات میں جیتی تھی ۔ پولنگ اسٹیشن کی نگرانی کے لیے 1470 پولیس آفیسران و ملازمان لیڈی پولیس ایلیٹ فورس تعینات کیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن