• news

طلبہ کو جدید آئی ٹی سکلز سکھاناوقت کی ضرورت بن چکا :وزیرتعلیم 

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید آئی ٹی سکلز سے عہدہ برآء کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی طرف بڑھ چکی ہے اور ہمارے طلبہ ابھی تک سی ڈی روم اور وہ چیزیں پڑھ رہے ہیں جن کا دور ختم ہو چکا ہے۔ نصاب میں سے ایسا تمام مواد نکال کر دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالیں گے اور طلبہ کو وہ تمام جدید امور سکھائیں گے جو انہیں آج کے دور کے ساتھ منسلک کرنے میں معاون ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کریسنٹ ماڈل سکول کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں طلبہ کی جانب سے بنائے گئے سائنس ماڈلز پر انہوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے کہا کہ ہماری نئی نسل میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ اسی نسل نے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بحال کرنا ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ کرتے ہوئے ای لرننگ کے فروغ اور ٹیکنالوجی سے آراستہ جدید کریکلم ریفارمز لانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس موقع پر رانا سکندر حیات نے سائنس ماڈلز بنانیوالے تمام طلبہ کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے تعریفی سند کا بھی اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن