توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے سید خرم رضا نے وفد تشکیل دیدیا
لاہور (کامرس رپورٹر)جرمنی کے معروف پاکستانی نژاد بزنس مین سید خرم رضا نے پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے یورپ بھر سے ایک وفد تشکیل دیا ہے جو مالی طور پر اور اپنی اپنی سکلز کے طور پر اپنی خدمات پیش کیں۔ وفد کی سربراہی سید خرم کاظمی کریں گے۔ وفد پرسوں23 اپریل جرمنی کے سفارتخانے میں پاکستانی سفیر سیدہ ثقلین کو پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اپنی اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ پاکستانی نژاد وفد کا کہنا ہے کہ مالی سرمایہ کاری کے علاوہ بھی وہ ملک و عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ ق جرمنی کے چیف آرگنائزر سید خرم رضا کاظمی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی مادر وطن کی تعمیروترقی میں ہمیشہ سے اپنا حصہ ڈالتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ خاص طور پر پاکستان میں بجلی کے بحران اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر وہ کام کریں گے جس سے وطن عزیز کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید خرم رضا کاظمی نے کہا کہ وہ اس حوالے سے جلد ہی حکومتی شخصیات اور ماہرین سے میٹنگز کرکے اوور سیز پاکستانیوں کو اعتماد میں لیں گے۔