پاکستانی حکومتیں بنانے یا گرانے میں سعودی عرب کا کبھی کردار نہیں رہا ‘ ساجد میر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر دو ہفتے کے دور ے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ساجد میر نے کہا کہ پاکستان میں حکومتوں کو بنانے یا گرانے میں سعودی عرب کا کبھی کردار نہیں رہا ،پی ٹی آئی کے رہنما کی طرف سے رجیم چینج آپریشن میں سعودی مداخلت کا الزام ملک دشمنی کے مترادف ہے ،اس طرح کی الزام تراشی ملکی مفاد کے منافی اور نقصان دہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کا رشتہ پاکستانی عوام سے ہے جن سے وہ بے حد پیار کرتا ہے ، سعودی عرب پاکستان کو اندرونی معاملات میں کبھی مداخلت کی ضرورت نہیں رہی ، سعودی عرب اورپاکستان برادرملک ہے اوردونوں کا آپس میں گہرا اور مضبوط رشتہ قائم ہے،سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے کام آیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی شراکت اور تعاون کی راہیں کھل رہی ہیں اور حالات ٹرن لے رہے ہیں۔