امارات سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ
لاہور( کامرس رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.669ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ایک فیصدزیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق مارچ 2024میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 548ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 34فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 410ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکا حجم 21.037 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔