• news

علامہ اقبال کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا: فلسفہ خودی ہم سب کیلئے مشعل راہ: شہباز شریف

اسلام آباد(خبرنگار)شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 86 واں یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیاعلامہ محمد اقبال نے تصور پاکستان پیش کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی جدو جہد کو نئی جہت بخشی۔ وہ عالم اسلام کے معروف شاعر فلسفی اور مفکر تھے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے نسلی و فرقہ وارانہ تفریق کو بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہونے کی تلقین کی مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال 9نومبر 1877کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں ہی حاصل کی، مشن ہائی اسکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔اس کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ماسٹرزکیا اور پھر اعلی تعلیم کے لیے انگلینڈ چلے گئے جہاں قانون کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں آپ جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی انہوں نے اوریئنٹل کالج لاہور میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیے تاہم وکالت کو مستقل پیشے کے طور پر اپنایا۔علامہ اقبال وکالت کے ساتھ ساتھ شعر و شاعری بھی کرتے رہے اور سیاسی تحریکوں میں بھی حصہ لیا شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال قیام پاکستان سے 9سال قبل 21اپریل 1938کو وفات پاگئے تھے اور ان کو بادشاہی مسجد کے سامنے لاہور میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ڈاکٹر  علامہ محمد اقبال  نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔  وزیراعظم آفس میڈیا ونگ  کے مطابق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پر اپنے  پیغام میں شہباز شریف نے کہا پوری قوم ان کے بلندی  درجات کے لئے دعا گو ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے افکار و تعلیمات میں امتِ کے اتحاد پر زور دیا، نوجوان ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے، انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا علامہ  اقبال نے نوجوانوں کو  جہد مسلسل کی تعلیم دی اور ان کو مسلمانوں کے تابناک ماضی سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کی۔  انہوں نے کہا اقبال کا  فلسفہِ خودی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کے خودی کے فلسفے کو اپناتے ہوئے انسان کامل بنا جا سکتا ہے۔  ان کے فلسفے اور تعلیمات پر نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں آج بھی جدید جامعات میں تحقیق کی جارہی ہے، فارسی اور اردو زبانوں میں ان کا کلام اور تحریریں آج بھی پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا  علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے برِ صغیر پاک و ہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم اور مسلم لیگ کے دیگر رہنماں نے شبانہ روز محنت سے شرمندہ تعبیر کیا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کا پاکستان امن کا گہوارہ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان ہے ، اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں نوجوان تعمیری سوچ سے اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں۔  وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے  اپنے پیغام کے آخرمین کہا کہ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے دن رات محنت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن