پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا، ٹرن آؤٹ ان کیلئے بہت بڑا پیغام ہے: راناثنا
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا ووٹر سپورٹر نہیں نکلا اور ووٹر ٹرن آؤٹ ان کیلئے بہت بڑا پیغام ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہم الیکشن نتائج سے مطمئن ہیں، ہمیشہ الیکشن نتائج کو تسلیم کیا، الیکشن نتائج پر اختلاف ہمیشہ سسٹم کے اندر رہ کر کیا۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سسٹم کو بلڈوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آوٹ کم ہوتا ہے، پارٹی کا ووٹر سپورٹر نکلتا ہے۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں نمونے بھیجے ہیں، علی محمد خان سے اپیل ہے سسٹم کو باہر سے بلڈوز کرنے کے بجائے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں، آپ ماضی میں بھی ہمارے ساتھ نہیں بیٹھے ، ہم آج بھی کہتے ہیں آئیں بیٹھیں۔راناثنا نے کہا فارم 45 اور فارم 47 کا فرق دوسرے روز کا معاملہ ہے، فارم 45 ہر پولنگ سٹیشن سے جاری ہورہا ہے، پی ٹی آئی کو اتنا ہی اعتراض تھا تو الیکشن کا بائیکاٹ کردیتی، سسٹم میں کوئی خرابی ہے تو آئیں بیٹھیں تو بات کریں۔انہوں نے مزید کہا 2018 میں ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی، اس وقت بھی کہاآئیں بیٹھیں ،بات کریں، ن لیگ نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے کام کیا ہے، سسٹم اور ملک کی بہتری بیٹھ کر بات کرنے میں ہے، جب بیٹھ کر بات چیت اورمذاکرات کیے جاتے ہیں ناممکن معاملات بھی حل ہوجاتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق رانا ثنا نے کہا مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام ہے، وہ اس وقت ہمارے سا تھ کھڑے ہوئے جب ہم مشکل میں تھے، ان کے ساتھ بیٹھ کربات کرینگے، ان کی بات سمجھنے کی کوشش کرینگے، ہمیں کسی کو 10 بار بھی منانا پڑا تو جائیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا نوازشریف کی حکومت بن جاتی تواگلے دوسال میں ملک سیاسی ومعاشی بحران سے نکل جاتا۔مسلم لیگ(ن) کوسادہ اکثریت مل جاتی توملک کیلئے بہت بہترہوجاتا،قوم نے نوازشریف کوسادہ اکثریت نہ دے کرغلط کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)ایک بڑی حقیقت ہے، بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ بھی ایک حقیقت ہے، تینوں حقیقتوں کے بیٹھے بغیر بات نہیں بنے گی، اگرمعاشرے کی حقیقتیں دست وگریباں رہیں گی توپھرتباہی ہی آئیگی۔