• news

ضمنی الیکشن: لیگ ن نے میدان مار لیا، جیت عوامی اعتماد کا اظہار: وزیراعظم

لاہور‘ فیروزوالہ‘ شیخوپورہ‘ قصور‘ اسلام آباد (نمائندگان + خبر نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں ضمنی انتخابات کا میدان مسلم لیگ (ن) نے مار لیا۔ بڑا اپ سیٹ‘ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اپنے ہی بھتیجے موسیٰ الٰہی سے ہار گئے۔ دوسری جانب مونس الٰہی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 21 قومی اور صوبائی حلقوں میں انتخابی میدان سجا۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے۔ لاہور‘ شیخوپورہ‘ تلہ گنگ‘ نارووال‘ بھکر اور ڈیرہ غازی خان میں اپنی خالی کردہ تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ تحریک انصاف وزیر آباد میں اپنی جیتی ہوئی نشست مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سے ہار گئی‘ عدنان افضل چٹھہ پی پی 36 میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے 74779  ووٹ لئے۔ سنی اتحاد کے فیاض چٹھہ نے 58682 جبکہ تحریک لبیک کے امیدوار بصیرت علی 2547 ووٹ لے سکے۔ لسبیلہ میں جام کمال کی نشست پر بھی (ن) لیگ آگے ہے۔ پی پی 36 وزیر آباد 2 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عدنان افضل چٹھہ 74 ہزار 779 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے محمد فیاض چٹھہ 58 ہزار 682 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 44 ڈی آئی خان سے سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈا پور 66281 ووٹ لیکر جیت گئے۔ پی پی کے عبدالرشید کنڈی 21970 ووٹ حاصل کر سکے۔ این اے 132 قصور سے مسلم لیگ (ن) کے ملک رشید احمد خان ایک لاکھ 46 ہزار 859 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر 90 ہزار 980 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 158 لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چودھری نواز 39 ہزار 946 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے۔ سنی اتحاد کونسل کے مونس الٰہی 27980 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 149 لاہور 5 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج  کے مطابق آئی پی پی کے محمد شعیب صدیقی 38 ہزار 537 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید 24206 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 119 لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک 60 ہزار 918 ووٹ لیکر جیت گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق 34 ہزار 94 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 22 لسبیلہ سے مسلم لیگ ن کے محمد زرین خان مگسی 49 ہزار 777 ووٹ لیکر جیت گئے۔ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار شاہنواز حسن 3869 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی کے 91 کوہاٹ 2 سے سنی اتحاد کونسل کے داؤد شاہ 22998 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار امتیاز شاہد 15911 ووٹ لیکر ہار گئے۔ پی پی 93 بھکر 5 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سعید اکبر نوانی 63021 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار محمد افضل خان 59124 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 54 نارووال کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے احمد اقبال چودھری 60 ہزار 351 ووٹ لیکر جیت گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے اویس قاسم 46 ہزار 686 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 147 لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک محمد ریاض 31 ہزار 860 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ٹھہرے۔ آزاد امیدوار محمد خان مدنی 16630 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 32 گجرات 6 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ق کے موسیٰ الٰہی 63 ہزار 536 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے چودھری پرویز الٰہی 18 ہزار 327 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی کے 91 کوہاٹ تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے داؤد شاہ 22193 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار امتیاز شاہد قریشی 11722 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 139 فیروز وال کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رانا افضل حسین 48 ہزار 347 ووٹ لیکر جیت گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے چودھری اعجاز حسین بھٹی 31 ہزار 262 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 290 ڈی جی خان کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے علی احمد لغاری 66 ہزار 413 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے محی الدین کھوسہ 19 ہزار 322 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 164 لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے رانا راشد منہاس 31 ہزار 499 ووٹ لیکر جیت گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے یوسف میو 25781 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 20 خضدار کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائجے کے مطابق بی این پی کے میر جہانزیب مینگل 30 ہزار 455 ووٹ لیکر جیت گئے۔ آزاد امیدوار میر شفیق الرحمن مینگل 14311 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 138 صادق آباد سے پی پی کے ممتاز علی چانگ 44052 ووٹ لیکر جیت گئے۔ مسلم لیگ ن کے محمد صفدر لغاری 26535 ووٹ لیکر ہار گئے۔ این اے 8 باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب خان 67231 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان 42372 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ 
اسلام آباد( خبر نگاخصوصی )وزیراعظم شہبازشریف نے ضمنی انتخابات میں منتخب ہونے والے  ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباد دی ہے ور کہا کہ  ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ  ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  پوری دیانتداری اور محنت سے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ  معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہورہی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ  معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی، اِن شااللہ عالمی مالیاتی اداروں، خبررساں اداروں اور سرویز میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ8  فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی ان کے حامیوں اور عوام کو بددِل اورمایوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیاجاسکتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن