• news

آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے جلد اچھی خبریں آئیں گی، مسعود خان

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے پاکستان کے لیے اچھی خبریں آئیں گی، امریکی حکام نے پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے دورہ امریکا پر گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ وزیر خزانہ نے امریکا میں کئی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی ہے، وزیر خزانہ نے سعودی عرب، چین، ترکیہ اور دیگر ملکوں کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔انہوںنے کہاکہ امریکا میں پاکستان سے متعلق رویوں میں تبدیلی آئی ہے، پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔قبل ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے، ٹیکس نظام میں بہتری سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔محمد اورنگزیب کے مطابق بڑے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اداروں کی نجکاری پر کام جاری ہے، چینی مارکیٹ تک رسائی کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی تعلقات کی بحالی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، معیشت سے متعلق بال ہمارے کورٹ میں ہے اب ہمیں کام کرنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن