پنجاب 50ہزار گھرانوں کو سولرسٹم دینے کی منظوری ، پہلے ورچوئل ویمن پولیشن سٹیشن کا افتتاح ہمارا کام بولے گا مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ’’بجلی بل سے نجات روشنی کے ساتھ‘‘، پنجاب میں 50ہزار گھرانوں کو ون کے وی سولر سسٹم دینے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ مریم نواز شریف نے فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شرو ع کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف گھروں میں ون کے وی سولر سسٹم لگا کر افادیت کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں ایک کلو واٹ کے سولر سسٹم پر ٹیکنیکل امور پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین اہل ہوں گے۔ ون کے وی سسٹم میں، دو سولر پلٹیں، بیٹری، انورٹر، تار دیئے جائیں گے۔ ون کے وی سولر سسٹم سے پنکھے، لائٹیں، چھوٹی موٹر وغیر چلائی جا سکے گی۔ لتھیم آئرن بیٹری کے ذریعے 16گھنٹے تک بیک اپ حاصل کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں بہترین کوالٹی کی سولر پلیٹس، انورٹر، بیٹریاں اور دیگر سامان استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ روشن گھرانہ پروگرام کا مقصد غریب آدمی کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ضمنی انتخابات میں فتح یاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ثابت کردیا کہ وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور رکھتے ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کہ ان کی ترقی کیلئے محمد نوازشریف کی قیادت ضروری ہے۔ قوم کی ترقی اور عوام کی خدمت صرف مسلم لیگ (ن) کا شعار ہے۔ پنجاب کو آگے لیکر جائیں گے، ترقی کا سفر ہر روز تیز تر ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد سے نوازا ہے۔ ہم کام کریں گے اورکرتے رہیں گے، ہمارا کام بولے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن''میری آواز، مریم نواز'' کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی کی ہدایت پر لاہور میں 100جدید ایمرجنسی پینک 15 بٹن کا بھی اجرا کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کے 50 مقامات پر فری وائی فائی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ جنوبی ایشیا میں پہلی بار لاہور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے 19 ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان شروع ہوگئے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین 15 کال، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچر، ویڈیو کال فیچر، پنجاب پولیس ایپ اور سیف سٹی ویب پورٹل کے ذریعے ورچوئل پولیس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن قائم کیا گیا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں آئی ٹی گریجویٹ خاتون پولیس کیمونیکیشن افسروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین کی ہراسگی سمیت تمام درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین نام اور پتہ ظاہر کیے بغیر مکمل رازداری اور اعتماد کے ساتھ اپنا مسئلہ شیئر کرسکتی ہیں۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی بدولت خواتین کو غیر ضروری طور پر تھانے کے چکر نہیں لگانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں لائیو ویڈیو کال فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ خواتین ویڈیو کال فیچر کے ذریعے بھی اپنی لوکیشن سمیت درپیش مشکلات کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے انویسٹی گیشن اور ٹرائل کے تمام مراحل میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ لاہور بھر میں 50 سے زائد مقامات پر '' سی ایم مریم نواز فری وائی فائی'' سروس کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یونیورسٹی اور کالجوں، مارکیٹ، چوراہوں اور بازاروں میں نصب پینک 15 بٹن دبا کر فوراً سیف سٹی سے رابطہ ممکن ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جرائم، پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف آئی جی 1787پر شکایت کا میکنزم فنکشنل کردیا گیا۔ 1787-ہیلپ لائن اور سیف سٹی اتھارٹی ویب پورٹل پر شناخت ظاہر کئے بغیر شکایت کی جا سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا دورہ کیا اور مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ویمن کمیونیکشن آفیسر سے ملاقات بھی کی اور گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے خواتین آفیسر کے لیے ہوسٹل اور ڈے کیئر سینٹر کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ ادھر ارتھ ڈے پر پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زمین انسانوں اور جانداروں کا گھر ہے جس کی حفاظت و بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ زمین کی سانس کے ساتھ ہی ہر جاندار کی سانس چل رہی ہے۔ زمین کے درجہ حرات، زہریلی گیسوں سمیت دیگر آلودگیوں میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ جنگلات اور زمین کا کٹاؤ کرہ ارض کے لئے بڑے خطرات ہیں۔ پنجاب حکومت نے’’ارتھ ڈے‘‘ سے پہلے ماحول دوست گرینڈ پلان پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے۔ ہر شہری درخت لگا کر، شاپنگ بیگز استعمال نہ کرکے زمین کی زندگی بڑھا سکتا ہے۔ الیکٹرک بسوں، ماحول دوست ایندھن، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے ماحولیاتی مسائل حل کریں گے۔ مریم نواز شریف نے دکاندار، شاپنگ مالز، ریستوران، تندوروں سمیت تمام لوگوں سے اپیل کی کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کرنے کی مہم کا ساتھ دیں، انسانی صحت کو بہتر بنانے اور سموگ کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں۔