خیبر پی کے پشین ، سکیورٹی فورسز کی ، کارروائیوں میں 13دہشت گردہلاک ، متعدد زخمی
اسلام آباد + پشین (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) سیکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران دس دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ایک دہشت گرد شمالی وزیر ستان میں مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔اسی طرح ایک اور مقابلے میں ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسزنے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا، دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔مارے گئے دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کیمتعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔علاوہ ازیں پشین میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے علاقے پشین میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر سنزلہ پہاڑ میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ سے دو دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر جمعہ داد مندوخیل کوئٹہ کے مطابق ہلاک اور زخمی دہشت گرد رسالدار لیویز حمیداللہ کی شہادت میں ملوث تھے، عوام سنزلہ پہاڑ کی طرف جانے سے گریز کریں۔