• news

8فروری کی تاریخ  دہرائی گئی امین گندا پور ضمنی الیکشن ڈ ھونگ  جمعہ کو ملک مظاہر ے کریں : پی ٹی آئی 

اسلام آباد‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ضمنی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ کل ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن، انتخابات نہیں تھے، ایک ڈھونگ رچایا گیا۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمشن عوام کو بتائے کہ ضمنی الیکشن میں عدلیہ سے آر او کیوں نہ لیے گئے، 24 گھنٹے ہوگئے ہم نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، اس گھناؤنے جرم سے پنجاب حکومت مستفید ہوتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔ ووٹ کا صحیح استعمال ہی اصلی نتائج دیتا ہے، ضمنی انتخاب میں جو کچھ ہوا سب نے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل ایک پولنگ سٹیشن پر گیا تو پریزائیڈنگ افسر نے رجسٹرڈ 750 ووٹ بتائے، لیکن اس پولنگ سٹیشن میں 900 سے زائد ووٹ کاسٹ کروائے گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 8 فروری کو بدترین دھاندلی کی تاریخ رقم کی گئی، کل ضمنی انتخابات میں اس تاریخ کو دہرایا گیا۔ علی امین گنڈا پور نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ انتخاب سے ثابت ہو گیا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں شفاف الیکشن کروایا، ہمیں ایک لیٹر وفاق کی طرف سے بجلی چوری سے متعلق آیا ہے، ہم اس لیٹر پر خوش آمدید کہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، وفاقی حکومت اگر بجلی چوری سے متعلق بات کرنا چاہتی ہے تو شہریوں پر ناجائز مقدمات درج نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بیٹھ کر بات کرے لیکن بدمعاشی نہیں چلے گی، علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کے 1510 ارب روپے دینے ہیں، ہم اس سے کٹوتی کروا کر عوام کو ریلیف دیں گے، بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق ہمیں تشویش ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہر صوبے میں جاکر پرامن احتجاج کروں گا، ہماری برداشت ختم ہو رہی ہے، ہمیں باربار نہ چھیڑیں، پی ڈی ایم ون کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، فارم 47 والے مینڈیٹ چوروں نے ملک کا برا حال کردیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہماری مخصوص نشستیں کسی اور پارٹی کو دے دیں، چیف الیکشن کمشنر ہماری سیٹیں واپس کریں، چیف الیکشن کمشنر ایکسپوز نہیں ننگے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج قربانیاں دے رہی ہے، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر وفاقی حکومت کو سوچنا چاہئے، وفاقی حکومت سے پولیس فورس مانگ رہے ہیں جو نہیں دی جارہی، وفاقی حکومت این ایف سی معاملات کو کنفیوژ کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جتنے لوگوں پر بھی 9 مئی کی جھوٹی ایف آئی آرز ہیں انہیں ختم کرکے دکھاؤں گا۔

ای پیپر-دی نیشن