کشمیر خارجہ پا لیسی میں سر فہرست سیاسی سفارتی اخلاقی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے: زرداری
اسلام آباد (این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیرکو ملک کی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح حاصل ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر زرداری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغرکے نام لکھے گئے ایک خط میں اس بات کی یقین دہائی کرائی ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ خط میں کشمیری عوام کی قربانیوں کا اعتراف کیا گیا اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کام جاری رکھنے کے صدر زرداری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔