فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس قیمتوں کا امتیاز حل کرنے میںتاخیر ‘حکومت اربوں گنوارہی
لاہور(کامرس رپورٹر )فرٹیلائزر سیکٹر میں گیس کی قیمتوں کے موجودہ امتیاز کو حل کرنے میں تاخیر سے حکومت اربوں روپے کی آمدن گنوارہی ہے۔فوجی فرٹیلائزرنے 9اپریل کو کھاد کی قیمت میں 633روپے فی بیگ (17فیصد) اضافے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اضافہ اس وقت کیا گیا جب اس کو فراہم کردہ گیس کی ان پْٹ لاگت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔حکومت نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے نیٹ ورکس پر چلنے والے فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے 1597روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت کا تعین کیا تھا جبکہ ماڑی نیٹ ورک پر چلنے والے فوجی فرٹیلائزر پلانٹ کو اس وقت بھی 580روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی رعائتی قیمت پر گیس فراہم کی جارہی ہے۔ اگر ایف ایف سی قیمتوں میں اضافے کیلئے کوئی جواز فراہم کرنے سے قاصر ہے تو وزارتِ صنعت و پیداوار پرائس کنٹرول اور منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی آرڈر 2021کے سیکشن 5کے تحت اسکے خلاف انتظامی اقدامات کرسکتی ہے۔ انڈسٹری ماہرین کے مطابق اگر حکومت سال کے آغاز میں فرٹیلائزر مینوفیکچررزکے درمیان قیمت کے موجودہ امتیاز کو ختم کردیتی تو حکومت کو 80ارب سے 100ارب روپے تک کی آمدنی ہوسکتی تھی۔