ووٹرز نے ترقی کا نیا سفر دیکھ کر حکومتی امیدواروں پر اعتماد کیا: صوبائی وزراء
لاہور(نیوز رپورٹر))وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق اور وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر کی نئی سمت دیکھ کر ہی ووٹروں نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدواروں پر اعتماد کیا۔ ثابت ہو گیا مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ۔ پنجاب اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ذیشان رفیق نے کہا عام انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچانے والوںکو عوام نے ضمنی الیکشن میں جواب دیدیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صرف دو ماہ میں عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب کے غیور عوام کو آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا فارم 45 اور 47 کا کھیل کھیلنے والوں کو عوام نے منہ توڑ جواب دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کی قیمتوں کو کم کرکے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد پر کام ہو رہا ہے۔