• news

سنہری چادر بچھی ہوئی ہے

امید ایک بڑی خوشی یے۔جہاں امیدیں زندہ ہوتی ہیں، وہاں خواب دیکھے جاتے ہیں، خواہشیں جنم لیتی ہیں۔امید اور محبت سے خوشیاں جنم لیتی ہیں، یہ جہان امید اور محبت پہ قائم ہے۔دعا کریں ہم میں سے کوئی ناامید نہ ہو۔
امید زندگی ہے۔خزاں میں بہار کی امید،جدائی میں ملن کی امید، تنگ دستی میں خوشحالی کی امید ،بیماری میں صحت مندی کی امید ،یہ امید ہی ہے جو ہمیں متحرک رکھتی ہے، ہم زندگی میں رواں دواں رہتے ہیں۔
اس وقت میرے وطن کے سب کسان امید کی خوشی سے سرشار ہیں، کیونکہ ان کے کھیتوں میں گندم کی شاندار فصل نے ہر طرف ایک سنہری چادر بچھا دی ہے، یوں لگتا ہے جیسے گندم نے سونے کی بالیاں پہن لی ہیں۔ امید اور خوشحالی کا یہ منظر اتنا دلکش ہے کہ دل سیراب اور شاداب ہو رہا ہے۔
جدھر جدھر نظر جا رہی ہے ہر طرف یہی سنہرا منظر ہے۔ سنہری دھوپ میں کسانوں کے چہرے چمک رہے ہیں۔ 
کیسے کیسے خواب آنکھوں میں جاگ گئے ہیں ،
کسی کے بچے نے اعلی تعلیم کے لیے شہر جانا ہے ،کسی نے بیٹی کی شادی کی تیاری کرنی ہے ،کسی نے نیا گھر بنانا ہے اور کسی نے گاڑی لینی ہے۔ 
سال بھر کی یہی تو کمائی ہے 
ایک چاول کی بھرپور فصل ایک گندم کی پیداوار۔ 
اللہ پاک نے ہمارے پیارے وطن کو پیار کے سارے موسم عطا کیے ہیں۔ 
ٹھٹھرتی سردی میں سورج کی حدت راحت دیتی ہے۔ مئی اور جون کے موسم میں قدرتی ہواو¿ں کے جھونکے سکون دیتے ہیں۔اور برسات میں ٹھنڈی راتیں باعث سکون ہوتی ہیں۔
میرا وطن پاکستان ایک زرعی ملک ہے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
کسان خوشحال تو ملک خوشحال۔ کسان کی خوشحالی اس کی اچھی پیداوار اور اس کے اچھے داموں میں ہے۔لیکن یہ المیہ ہے کہ ذخیرہ اندوز کسان سے سستے داموں فصل خریدتے ہیں اور اس وقت جب سیزن کا اختتام ہو مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں جس کا سب سے زیادہ نقصان کسان کو ہوتا یے جس نے بہت محنت اور لگن سے فصل کی پیداوار حاصل کی ہوتی ہے۔
اسلام میں ذخیرہ اندوزی منع ہے۔ اسلام آسانی کا مذہب ہے اس کی تعلیمات آسان اور سادہ ہیں۔
بہترین انسان اسے قرار دیا گیا ہے جو دوسرے کے حق میں بہتر ہو جو دوسرں کے لیے نفع بخش ہو۔ 
اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے۔
اس کے قواعد و ضوابط پہ عمل کرنے والا دنیا و آخرت میں سرخرو رہتا یے۔ ہم مگر دنیاوی فائدوں کے پرستار اس کی اصل روح کو پہچان نہیں پاتے اور اپنا آپ ہی نقصان کر بیٹھتے ہیں۔
 ہم اپنے وطن کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا گو ہیں ہم اپنے کسان کی خوش حالی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔اللہ انہیں محنت کا پھل دیں اس کے آنگن میں امیدوں کے دئیے روشن رہیں اللہ ان کی فصلوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھیں۔
پچھلے دنوں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کی فصل کی کٹائی کا باقاعدہ آغاز اپنے ہاتھ سے کر کے بتایا کہ وہ ہرمیدان میں سرگرم عمل ہیں۔ مریم نواز صاحبہ جس طرح پرخلوص اور پ±رعزم نظر آتی ہیں یہ خوش آئیند بات ہے۔ 
ہم ان سے بھی امید رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ملک کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کا مقام دیا ہے تو وہ عام لوگوں کی آسانی اور خوشحالی کے لیے اپنے حصے کا دیا جلائیں گی 
امید پہ دنیا قائم ہے
امید ایک جہان ہے 
اللہ تعالیٰ نے بھی یہی کہا ہے کہ 
میری رحمت سے کبھی ناامید نہ ہونا 
اور یہ کہ ناامیدی کفر ہے
ہماری آنکھیں جب تک بند نہیں ہوتیں ان میں سنہرے خواب سجتے رہتے ہیں، کبھی اپنے مستقبل کے خواب۔ کبھی اپنی اولاد کے مستقبل کے خواب اور سب سے بڑھ کر دھرتی ماں کے دامن میں امن خوشحالی اور مسرتوں کے خواب۔
سنہری چادر بچھی ہوئی یے 
ہر ایک دل میں خوشی بسی ہے 
تم اپنی آنکھوں میں خواب رکھو
امید مجھ کو بندھی ہوئی ہے
٭....٭....٭

ای پیپر-دی نیشن