جماعت اسلامی کا قافلہ سخت جاں اور حافظ نعیم الرحمن
لگ بھگ 83 برس بعد، جماعت اسلامی کا قافلہ سخت جاں سید مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن اور سراج الحق سے ہوتا ہوا، عروس البلاد کراچی کے مردِآتش بجاں، حافظ نعیم الرحمن تک آن پہنچا ہے۔ سید مودودی نے آغازِ سفر میں ہی طے کردیا تھا کہ معاشرے کی ہمہ گیر اصلاحِ احوال اور اسلامی نظام کی ترویج کے لئے سختی کے ساتھ آئینی وقانونی حدود کے اندر رہنا ہے۔ سو جماعت آج بھی بڑی حد تک اسی راستے پر کاربند ہے۔ اپنے نظریے اور نصب العین پر ایمان کی حد تک پختہ یقین رکھتی ہے۔ کڑے نظم وضبط کے باوجود مختلف امرائے جماعت کا اندازِ فکروعمل اور مزاج، جماعت کی پالیسیوں پر ضرور اثرانداز ہوتا رہا لیکن اس نے آئینی وقانونی راستوں سے گریز نہیں کیا۔ مولانا مودودی کے عہدِ امارت کے بعد کے باون برسوں میں سے پندرہ سال پنجاب (میاں طفیل محمد)، پانچ سال کراچی (سید منور حسن) اور بتّیس برس خیبرپختون خوا (قاضی حسین احمد21 اور سراج الحق11 برس)کے حصّے میں آئے۔ اب ایک بار پھر کہستانی فکر، سید منور حسن کے دبستان کی طرف پلٹی ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ اِس بحر کی تہہ سے کیا اچھلتا اور گنبد نِیلوفَری کیا رنگ بدلتا ہے؟
1970ءکے پہلے انتخابات جماعت اسلامی نے اس طمطراق سے لڑے کہ شرق وغرب میں غلغلہ سا بپا ہوگیا۔ یوں لگا جیسے جماعت اسلامی، مشرقی پاکستان میں شیخ مجیب الرحمن کے عزائم خاک میں ملا دے گی اور مغربی پاکستان میں، اسلامی سوشلزم کا علمبردار بھٹو ہاتھ ملتا رہ جائے گا۔ 31 مئی 1970ءکا ”یومِ شوکت اسلام“ آج تک جماعت کے معمّر کارکنوں کے دِل میں یادِ یارِمہرباں کی طرح خوشبوئیں بکھیرتا رہتا ہے۔ 7 دسمبر1970ءکے انتخابی نتائج جماعت کے لئے ہلاکت آفریں حد تک مایوس کن ثابت ہوئے۔ گذشتہ چوّن برس کے سفر کی کہانی، ان نتائج کی بازگشت کے سوا کچھ نہیں۔
جماعت نے 1988ءاور 1990ءکے انتخابات، ’اسلامی جمہوری اتحاد‘ کے پرچم تلے لڑے اور اس کے اہم راہنما پارلیمنٹ کا حصہ بنے۔ قاضی حسین احمد مرحوم نے ”اتحادی سیاست“ کو اپنی بلندپروازی میں مانع جانا۔ 1993ءکے انتخابات میں وہ نہ صرف آئی۔جے۔آئی سے کنارہ کش ہوگئے بلکہ جماعت اسلامی کی انتخابی حکمتِ عملی کو بھی بے آب ورنگ خیال کرتے ہوئے ”پاکستان اسلامک فرنٹ“ کے شوخ و شنگ پرچم تلے میدان میں اترے۔ یہ منفرد تجربہ بھی بے ثمر رہا۔ بے دِلی کی شکار جماعت نے 1997ءکے انتخابات میں حصّہ ہی نہ لیا۔ اسے پوری انتخابی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی 2002ءمیں مشرف عہد کے انتخابات میں ملی جب وہ ’متحدہ مجلس عمل‘ کا حصہ تھی۔ ایم۔ایم۔اے نے قومی اسمبلی کی 63 نشستیں جیت لیں۔ خیبرپختون خوا میں اس کی حکومت بھی قائم ہوگئی۔ جماعت اس حکومت کا حصہ بنی۔ خزانہ کی اہم وزارت جناب سراج الحق کے پاس تھی۔ اس تجربے کو جاری رکھنے اور مستحکم بنانے کے بجائے، جماعت نے 2008ءکے انتخابات کا بائیکاٹ کردیا۔ 2013ءمیں، جماعت نے ایک بار پھر اتحادی سیاست سے کنارا کرتے ہوئے تنہا پرواز کو ترجیح دی۔ 166 امیدوار قومی اسمبلی میں اتارے۔ تین کو کامیابی حاصل ہوئی۔ 2018ء کے انتخابات میں جماعت پھر متحدہ مجلس ِعمل کی طرف لوٹ گئی لیکن 2002ءکو گذرے سولہ برس ہوچکے تھے۔ ایم۔ایم۔اے صرف بارہ سیٹیں ہی لے پائی۔ جماعت کے حصے میں صرف ایک نشست آئی۔
فروری 2024ءکے انتخابات میں مذہبی یا مسلکی تشخّص رکھنے والی تمام جماعتوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ لیکن جماعت اسلامی کو شاید اپنی تاریخ کی سب سے دلخراش ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے اس نے مجموعی طور پر 774 امیدوار میدان میں اتارے۔ قومی اسمبلی کے 231 امیدواروں میں سے کوئی ایک بھی کامیاب نہ ہوا۔ صوبائی اسمبلیوں کے 543 امیدواروں سے غالباً دو یا تین فاتح ٹھہرے۔ پنجاب اور خیبرپختون خوا کی اسمبلیوں میں اس کا کوئی رکن نہیں۔ اور یہ پہلا موقع ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جماعت کی کوئی نمائندگی نہیں۔ سراج الحق نامی انتہائی فعال ومحترک ”مردِ کہستانی“ کا کمالِ نے نوازی، جماعت کے کچھ کام نہ آیا۔
جماعتِ اسلامی پاکستان کی سب سے منظم جماعت ہے۔ اس کے امیر کا انتخاب حقیقی جمہوری اصولوں کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ کوئی دوسری جماعت منصورہ جیسا ہیڈکوارٹر نہیں رکھتی۔ اسکے کارکنوں کا اخلاص، ایثار اور جذبہ کار بھی مثالی ہے۔ اس کی انتخابی مہم کا بانکپن بھی دیدنی ہوتا ہے۔ سماجی خدمات کے شعبے میں بھی وہ انتہائی متحرک ہے۔ لوگ اس کی امانت ودیانت پر اعتماد کرتے ہیں۔ عطیات دیتے ہوئے وہ ان کی پہلی ترجیح ہوتی ہے، لیکن ووٹ دیتے وقت وہ ان کی ترجیحات سے یکسر نکل کیوں جاتی ہے؟ یہ ہے وہ سوال جو جماعت اسلامی کے وابستگان ہی نہیں، اس سے ذہنی وفکری ہم آہنگی رکھنے والوں کے سامنے بھی چوّن برس سے پھَن پھیلائے کھڑا ہے۔
اِک عمر جماعت اسلامی کی نذر کردینے والے مردِ قلندر، خرّم مراد مرحوم نے بڑی دردمندی ودل سوزی کے ساتھ اپنی خودنوشت ”لمحات“ میں اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ 1970 کے انتخابات میں ناکامی کو ”جماعت کی تاریخ کا سب سے اعصاب شکن واقعہ“ قرار دیتے ہوئے مرحوم نے کہا تھا __ ”سوچنا ہوگا کہ ہمیں عوامی تائید کیوں نہیں حاصل ہو رہی؟ اور اگر عوامی تائید حاصل نہ ہوئی تو ہمارے لئے انتخابات میں نتائج کس طرح اچھے نکل سکتے ہیں؟ انتخابات میں نتائج اچھے نہ نکلیں گے تو پھر انتخابات میں حصّہ لینے کا کیا فائدہ ہوگا؟ محض شہادتِ حق اور دعوتِ دین کے لئے انتخابات کے علاوہ بھی شاید کچھ بہتر ذرائع موجود ہیں جن کے ذریعے یہ کام ہوسکتا ہے۔ لیکن ہم محض تبلیغِ کے لئے نہیں، قیادت کی تبدیلی کے لئے کام کررہے ہیں اور اگر یہی رفتار رہی تو اس کام کا کیا ہوگا؟ کون سی کمی اور کون سی خامی ہے یا پھر یہ ہماری حکمتِ عملی اور نظامِ کار کا ایسا معاملہ ہے جس کی وجہ سے ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکے؟ کیا ہمیں اپنے دائرہ کار، عملی رجحانات اور اقدامات میں کہیں تبدیلی کی ضرورت نہیں؟ ہم اپنا سچ اور صحیح صورتِ حال پیش کرنے میں کیوں ناکام رہتے ہیں؟ انتخابی مہم چلانے میں ہمارا انداز کیوں بے اثر ہے؟“ برادرِعزیز سلیم منصور خالد کی مرتب کردہ اس کتاب کو شائع ہوئے بھی پچیس برس ہونے کو ہیں، خرم مراد کے سوالات ہنوز جواب طلب ہیں۔
دو بڑی جماعتوں سے نامطمئن پاکستانیوں کو کسی نئی متبادل سیاسی قوت کی تلاش ہمیشہ رہی ہے۔ تلاش کی اس خلش کو تحریکِ انصاف نے آسودہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وطنِ عزیز کے پورے سیاسی، جمہوری ، اخلاقی، معاشی، تہذیبی اور سماجی ڈھانچے کو تہس نہس کردیا۔ کاش یہ خلا جماعت اسلامی پر کرسکتی۔
ہمدم دیرینہ، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ نے اپنے حالیہ کالم میں کسی صاحبِِ دانش کا قول نقل کیا ہے کہ ”جماعت اسلامی کو دعا تو دی جاسکتی ہے مشورہ نہیں۔“ جماعت کو تو دعا دینے کا مطلب بھی یہ ہے کہ ہم خود کو اہلِ جماعت سے زیادہ صالح، پرہیز گار اور نیکو کار سمجھتے ہیں۔ مجھے تو یہ بھی گستاخی ہی لگتی ہے۔ اسکے باوجود دِل حافظ نعیم الرحمن کے لئے نیک خواہشات سے چھلکا جا رہا ہے۔ کیا عجب یہ مردِ ہنرکار قومی سیاست کے ایک قابل قدر سرمائے کو جمہوری ایوانوں کا معتبر اثاثہ بھی بنا سکے۔
٭....٭....٭