• news

بھارتی سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کر کے واہگہ کے راستے واپس چلے گئے

لاہور ( این این آئی) بھارت سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کر کے واپس چلے گئے۔ترجمان کے مطابق 2700کے قریب بیساکھی میلے و دیگر مذہبی رسومات کے سلسلے میں پاکستان میں آئے بھارتی سکھ یاتری 10روزہ یاترا مکمل ہونے کے بعد پیر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گئے ۔سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا جہاں سے وہ بھارت روانہ ہوئے۔ پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا،ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی خواجہ معاذ طارق، بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہدسمیت دیگر نے سکھ یاتریوں کو الوداع کیا۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے پاکستان کی جانب سے ملنے والی محبت اور احترام کو اپنا سرمایہ قراردیا۔سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمیں بہت پیار ملا 'پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے'پاکستان میں مہمان نوازی عمر بھر فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے شاندار انتظامات پر حکومت پاکستان اور گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا شکریہ اداکیا۔یا تریوں نے ہمیں یہاں آ کر اپنے گھر جیسا محسوس ہو رہا ہے ہماری مہمان نوازی کے لیے بہترین اقدامات کیے گئے سکیورٹی رہائش اور میڈیکل کی بہترین سہولیات میسر ہیں۔خصوصی طور پر رہا ئش کے انتظامات بہت اچھے تھے ہمارے گوردوارں صاحبان کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ نارووال کرتارپور سے لاہور تک سفری سہولیات کے لیے خصوصی ٹرین کے آغاز پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔بھارتی وفد کے سربراہ سرادر کلونت سنگھ منن نے کہا کہ ہم نے 10 دن بیساکھی میلہ شایان شان طریقے سے دیکھا ہے،حکومت پاکستان نے رات دیکھا نا دن ہمیں ہر وقت ہر قسم کی سہولت فراہم کی ،ہمارے لیے جو انتظامات کئے ہم اس کے لیے شکرگزار ہیں-ہم سکھ اپنی طرف سے حکومت پاکستان کا شکر ادا کرتے ہیں۔بیساکھی میلہ کی تقریبات میں بھارت سے آیا سکھ یاتری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ۔جنگیر سنگھ ولد جرنیل سنگھ بھارتی پنجاب کے شہر پٹیالہ کارہائشی تھا۔بھارتی سکھ یاتری کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور اور وزارت داخلہ حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ۔جنگیر سنگھ کے بھارت میں موجود اہل خانہ کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن