طالبان سے منسلک امام مسجد کوئٹہ میں قتل، افغانستان میں سپرد خاک
کوئٹہ /اسلام آباد(این این آئی)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے امام مسجد کو قتل کر دیا تھا، ان کی تدفین افغانستان میں ان کے ابائی صوبے زابل میں کر دی گئی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایک حکام نے بتایا کہ امام مسجد محمد عمر جان اخوندزادہ کی میت ان کے اہل خانہ نے افغانستان منتقل کی۔حکام نے انکشاف کیا کہ محمد عمر جان اخوندزادہ طالبان رہنما تھے لیکن وہ گزشتہ 13 سال سے کوئٹہ کے مضافات نواں کلی میں رہائش پذیر تھے۔وہ اپنے والد کی جگہ اسی مسجد میں پیش امام بنے تھے، ان کی عمر 55 برس تھی جبکہ ان کے پاس پاکستان کا شناختی کارڈ اور علاقے میں ایک گھر تھا۔افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رپورٹ کیا کہ محمد عمر جان اخوندزادہ سینئر مذہبی اسکالر تھے اور انہوں نے قندھار میں طالبان کے زیر انتظام مدرسے میں تدریس کے فرائض انجام دیے تھے، وہ افغان طالبان کی نگران کمیٹی کے رکن بھی تھے۔