مودی تیسر ی بار انتخابات جتنے کیلئے پلوامہ جیسا ڈرامہ کر سکتے ہیں : تجز یہ کا ر
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا اعتراف کہ بھارت غیر ملکی سرزمین پر اپنے ڈیتھ سکواڈز چلاتا ہے، حیران کن نہیں کیونکہ یہ حقیقت بہت پہلے سے عالمی انٹیلی جنس کمیونٹی کے علم میں تھی تاہم بھارت نے اعتراف پہلی بار کیا۔ بھارتی چینل کو انٹرویو میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کا امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وہ اگر پاکستان فرار ہوتا ہے تو اسے وہاں جا کر ماریں گے۔ وزیراعظم مودی اس پالیسی کو درست قرار دے چکے ہیں۔ برطانوی اخبار گارجین نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت نے 2020 سے پاکستان میں کم از کم 20 افراد کو ماورائے عدالت قتل کرایا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اگرچہ برطانوی اخبار کی رپورٹ منفی پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کی، مگر راج ناتھ سنگھ کا اعتراف اس انکار کی نفی کرتا ہے۔ قومی سلامتی اور دہشت گردی کے بیانیہ کو اچھال اورقوم پرستی کو ہوا دے کر مودی سرکار انتخابی کامیابی یقینی بنانا چاہتی ہے۔ ساؤتھ ایشیا انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ولسن سنٹر مائیکل کوگلمین کے مطابق برطانوی اخبار کی رپورٹ کی ٹائمنگ اہم ہے، رپورٹ نے بی جے پی کے قوم پرست بیانیہ کو تقویت دی ہے۔ گزشتہ بھارتی عام انتخابات سے چند ہفتے قبل مودی حکومت نے بالاکوٹ میں سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ رچایا، معاشی مصائب سے دوچار بی جے پی حکومت نے ایک خطرناک محاذ آرائی کو ہوا دے کر اپنی انتخابی کامیابی کی راہ ہموار کی۔ وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتا بینرجی سمیت بھارتی سیاستدانوں نے پلوامہ واقعہ کو طے شدہ ڈرامہ قرار دے کر اس پر سوالات اٹھائے۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک کے مطابق مودی حکومت نے پلوامہ واقعہ کا الزام پاکستان پر عائد اور جوابی حملہ کرکے اپنی انتخابی کامیابی کو یقینی بنایا۔ سویڈن کی یونیورسٹی کے پروفیسر اشوک سوین کے مطابق اگر مودی کو محسوس ہو کہ انتخابی ناکامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، وہ صرف بھارتی میڈیا کو اشارہ کریں گے کہ ان کا مضبوط رہنما کا تاثر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے، جس نے پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ یہ خدشات عام ہیں کہ تیسری مدت کے لیے انتخاب کی خاطر وزیراعظم مودی پلوامہ جیسا ایک اور ڈرامہ رچا سکتے ہیں۔ یوں نئی پالیسی بنائی جس میں اپنی انٹیلی جنس ایجنسی کے ذریعے سیاسی مخالفین کی دیگر ملکوں میں نشاندہی اور انہیں مقامی کرائے کے قاتلوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں مروانا شامل ہے۔کوگلمین کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ’’را‘‘ دراصل روسی اور اسرائیلی انٹیلی جنس کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جوکہ بیرون ملک مقیم مخالفین کو قتل کرانے کی پالیسی کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔