بھارت اقلیتوں سے امتیازی سلوک، صحافیوں پر حملے : غزہ میں اسرائیل نے سنگین جرائم کئے، امریکی رپورٹ
واشنگٹن؍ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکہ نے گزشتہ سال بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ریاست منی پور میں نسلی تنازعات کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔ محکمہ خارجہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق منی پور میں کوکی اور میتی قبائل کے درمیان پرتشدد واقعات میں 200 سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ مئی اور نومبر کے درمیان 60 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے۔ بھارت کے دیگر حصوں میں اقلیتوں، صحافیوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں پر حملے کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے حکومت پر تنقید کرنے والے میڈیا اداروں پر دباؤ ڈالا، ہراساں کیا۔ بھارت کی مذہبی اقلیتوں نے تشدد اور غلط معلومات پھیلانے سمیت امتیازی سلوک کو رپورٹ کیا۔ تجزیہ کاروں نے کہا واشنگٹن نئی دہلی پر تنقید سے رکا ہوا ہے کیونکہ امریکہ کو امید ہے بھارت چین کیخلاف جوابی کارروائی کے طور پر کام کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کی سرپرستی میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر رپورٹ جاری کردی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ نے ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نمایاں منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ 2023ء میں اسرائیلی فورسز نے انسانیت کو تباہ کرنے والے سنگین جرائم کیے۔ جرائم میں جان بوجھ کر انسانوں کو قتل کیا گیا، جبری گمشدگیاں ، تشدد اور صحافیوں کا قتل عام بھی رپورٹ شامل کیا گیا ہے۔ امریکی انسانی حقوق کی تنظیموں نے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیلی فوجی یونٹ لیہی کے خلاف امریکی اقدامات کو سراہتے ہیں۔ امریکی انسانی حقوق گروپس نے مطالبہ کیا کہ محکمہ خارجہ اس رپورٹ کی سنگینی کو سمجھے اور اسرائیل کے خلاف سخت ایکشن لے۔ واضح رہے کہ غزہ میں محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی افواج 7اکتوبر سے اب تک 34ہزار فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا اسرائیل کی غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں، شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ ترجمان میتھیو ملر نے کہا اسرائیل کوآگاہ کر دیا بے گھر فلسطینیوں کی واپسی چاہتے ہیں۔ رفاح میں آپریشن نہ کرے۔