ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، پراسیکیوشن کے 21گواہ مکمل ہو گئے ،کسی بھی ٹرسٹی کا ٹرسٹ پراپرٹی سے تعلق نہیں ہوتا، سیاسی بنیادوں پر بنا ہوا یہ کیس ختم ہو گا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں، جیل میں کسی صورت ٹرائل نہیں چل سکتا، آپ اوپن ٹرائل کریں، جج صاحب سے درخواست کی گئی لیکن میڈیا کو باہر نکال دیا گیا، کیا کبھی میڈیا کو باہر نکالا جاسکتا ہے، ہم اپنے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے، ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد کیس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل باکس بھرے ہوئے تھے اور الیکشن کے نتائج ان کی توقعات کے مطابق آئے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہم نے عدالت میں فارم 45پر پیٹیشن فائل کی، دو ماہ سے شنوائی نہیں ہورہی، ہمارا سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ ہماری درخواست کو سنا جائے، ہم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے التجا کرتے کرتے تھک گئے، ہمارا ٹکراؤ کا مطالبہ ہر گز نہیں، ہم عوام کے حقوق کی بات کررہے ہیں، ہم نتائج قبول کر لیں یا ڈیل کرلیں؟۔ رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ کل بھی ہمیں بی بی کی صحت بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا، کل صبح بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی ہارٹ اٹیک کی طرف جارہی ہیں، جہاں تک زہر کی بات ہورہی ہے ٹیسٹ کے بعد ابھی تک رزلٹ نہیں آیا۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پنجاب کا الیکشن پہلے سے پلان تھا اور ضمنی انتخابات میں پہلے ہی ڈبے بھرے ہوئے تھے۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت قانون کی بالادستی اور فری اینڈ فیئر الیکشن پر کھڑی ہوتی ہے مگر یہاں جنگل کا قانون ہے۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پولیس نے مداخلت کی۔ پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا ہے۔ خیبر پی کے میں بھی الیکشن ہوئے پولیس نے کہیں کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی اور نہ ہی دھاندلی ہوئی۔